ملک سنبھل نہیں رہا ‘ چوری معاف کروانے کی کوششیں گوارا کی جارہی ہیں،عمران خان

چوروں کو این آر او ٹو دیکر نظام احتساب کو باضابطہ طور پر دفن کرنے کا اہتمام کیا گیا ‘ بڑے چوروں کو لوٹ مار کی کھلی آزادی تیسری دنیا میں غربت کی بڑی وجہ ہے۔ سابق وزیراعظم کی گفتگو
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک سنبھل نہیں رہا ‘ چوری معاف کروانے کی کوششیں گوارا کی جارہی ہیں ، بڑے چوروں کو لوٹ مار کی کھلی آزادی تیسری دنیا میں غربت کی بڑی وجہ ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا ، جس میں نیب قانون میں ترامیم کے ذریعے نظامِ احتساب دفن کرنے کی کوششوں پر بریفنگ دی گئی ، جس پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے نیب قانون میں ترامیم کےخلاف بھرپور مزاحمت کی ہدایت کی ، فواد چودھری اور دیگر کو نیب قانون میں ترامیم کی شرمناک سازش سے قوم کو آگاہ کرنے کا ٹاسک دیا گیا ، نیب قانون میں ترامیم سے متعلق پارٹی ترجمانوں کو بھی معاملے کو سیاسی مباحثے کا حصہ بنانے کی خصوصی ہدایت کی گئی ، پی ٹی آئی رہنما کالی پٹیاں باندھیں گے اور نظامِ احتساب کی تباہی کی شرمناک کوشش اجاگر کریں گے۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ نظامِ احتساب کی تباہی سازش سے مسلط ہونے والی کٹھ پتلیوں کا کلیدی ہدف تھا ، روزِ اوّل سے نشاندہی کر رہے ہیں کہ ان کے آنے کا واحد مقصد خود کو این آر او دوم دلوانا ہے ، چوروں کو این آر او ٹو دیکر نظام احتساب کو باضابطہ طور پر دفن کرنے کا اہتمام کیا گیا ، چوروں نے نیب قانون کو بدل کر قوم کے لوٹے گئے 1200 ارب ہضم کرنے کی کوشش کی ، بڑے چوروں کو لوٹ مار کی کھلی آزادی تیسری دنیا میں غربت کی بڑی وجہ ہے، 26سال بڑے چوروں کو قانون کے تابع کرنے کیلئے جدوجہد کی۔ علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف نے کراچی کے حلقہ این اے 240 میں ضمنی انتخاب کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کر دیا ، عمران خان نے کہا کہ این اے 240 میں صاف و شفاف انتخاب کے انعقاد کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی کارکردگی مایوس کن ہے ، محض 8 فیصد لوگوں کی ووٹنگ میں شمولیت بڑے پیمانے پر عوام کے انتخابی عمل سے لاتعلقی کا اظہار ہے ، تشدد اور دھاندلی کی غیر معمولی اطلاعات کے باوجود انتخاب کو کالعدم قرار نہ دینے کا فیصلہ تعجب کا باعث ہے جب کہ الیکشن کمیشن نے ڈسکہ کے ضمنی انتخاب میں 40 فیصد ٹرن آؤٹ کے باوجود انتخاب کالعدم قرار دیا۔

Comments